لاہور(ڈیلی پوائنٹ)سپر سٹار اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی بارات کا دن یاد کرتے ہوئے عزیز و اقارب سمیت ویٹرز و ڈی جے تک کے رو پڑنے کا انکشاف کیا ہے۔اکتوبر 2023 میں اداکارہ ماہرہ خان اپنے قریبی دوست سلیم کریم کے ساتھ شادی کے رشتے میں منسلک ہوئیں۔ایک تازہ انٹرویو میں اداکارہ نے اپنی شادی کی تمام تقریبات کے ملبوسات کی خاص کہانیاں بتائیں اور فوٹوگرافی سے متعلق بھی انکشافات کیے۔
بارات کے ملبوسات اور خاص لمحات کا ذکر کرتے ہوئے ماہرہ خان نے بتایا کہ اس تقریب میں ایک آنکھ ایسی نہیں تھی جو خشک ہو، ہر ایک شخص وہاں روتا ہوا نظر آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سلیم سب سے پہلے روئے جس کے بعد بیٹا ازلان، اماں، ابا، میری دوست ماہا، شعیب منصور سب رو پڑے اور حیران تو میں تب ہوئی کہ جب ویٹرز بھی روتے نظر آئے۔
ماہرہ خان نے بتایا کہ تقریب میں ڈی جے کی ذمہ داری انگریز سنبھالے ہوئے تھے اور وہ بھی رو رہے تھے یہ دیکھ کر میں نے کہا کہ بھئی یہ ہو کیا رہا ہے لیکن شاید وہ تقریب اس قدر قریبی لوگوں پر مشتمل تھی کہ ماحول ہی کچھ الگ تھا۔