مارک زگربرگ کااے آئی چیت بوٹ بارے بڑا انکشاف

کراچی (ڈیلی پوائنٹ )میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے لاما 3 لارج لینگوئج ماڈل پر مبنی نئے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ کو بہترین قرار دیا ہے۔
مارک زکربرگ کے مطابق میٹا کا نیا اے آئی ماڈل دیگر ماڈلز کے مقابلے میں بہت زیادہ بہتر ہے اور زیادہ بہتر منطقی صلاحیت سے لیس ہے۔
اس حوالے سے مارک زکربرگ نے کہا کہ ‘اس نئے ماڈل کی بدولت ہمارا ماننا ہے کہ میٹا اے آئی اس وقت مفت دستیاب سب سے ذہین اے آئی اسسٹنٹ ہے’۔
مگر کیا اس طرح کے ذہین چیٹ بوٹس ہماری ملازمتوں کے لیے خطرہ ہیں یا ان سے انسانیت کا خاتمہ ہو سکتا ہے؟
مارک زکربرگ کے مطابق ابھی ایسا ممکن نہیں۔
انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ میٹا سمیت کوئی بھی کمپنی ایسے اے آئی ماڈل پر کام نہیں کر رہی جو انسانیت کے خطرہ بن جانے کی حد تک بہترین ہو۔
انہوں نے کہا کہ ‘انسانیت کو لاحق خطرات کے خدشات کے باوجود مجھے نہیں لگتا کہ ابھی کوئی ماڈل اس سطح پہنچ سکتا ہے یا ہماری کمپنی یا دیگر کمپنیوں کا دیگر تحقیقی کام اگلے سال تک اس سطح تک پہنچ سکے گا’۔
یہی وجہ ہے کہ مارک زکربرگ کی جانب سے لاما اے آئی ماڈل کو اوپن سورس رکھا گیا ہے، یعنی عوام یا محققین کو آسانی سے دستیاب ہے۔
مارک زکربرگ نے بتایا کہ اگر میٹا کا ماڈل مختلف شعبوں بشمول ٹیکسٹ، امیجز اور ویڈیوز میں بہترین نتائج دینے کے قابل ہوتا تو پھر کمپنی اس کے تمام پہلوؤں کو اوپن سورس نہیں رکھتی۔
خیال رہے کہ میٹا اے آئی چیٹ بوٹ کو لاما 3 کے ذریعے کافی بہتر بنایا گیا ہے۔
اب یہ چیٹ بوٹ واٹس ایپ میں تحریری ہدایات پر رئیل ٹائم میں تصاویر بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں