لاہور( ڈیلی پوائنٹ )نجی ٹی وی شو میں ساحل عدیم اور خلیل الرحمان کی خاتون سے بدتمیزی کی ویڈیو وائرل ہو گئی ، لڑکی نے خواتین کو جاہل کہنے پر ساحل عدیم سے معافی کا مطالبہ کیا جس پر خلیل الرحمان بھی آگ بگولہ ہو گئے نجی ٹی وی چینل کی میزبان سے لڑکی سے مائیک چھینے کا کہا ۔
ساحل عدیم کے 95 فیصد خواتین کو جاہل کہنے والے بیان پر نجی ٹی وی شو میں لڑکی جب ساحل عدیم سے معافی کا مطالبہ کیا تو ساحل عدیم نے سوال کیا کہ آج سے پہلے آپ نے طاغوت کا لفظ سنا تھا؟ جو اسلام میں سب سے بڑا گناہ ہے۔
لڑکی نے کہا کہ یہاں خواتین کے حقوق کی بات ہورہی ہے اسلام میں گناہوں کی بات نہیں ہورہی۔
ساحل اپنی بات پر مصر رہے کہ جس کو کسی چیز کا علم نہ ہو تو اسے جاہل کہتے ہیں اور جاہل کو جاہل کہنا اسلام میں پہلا فرض ہے۔
لڑکی نے اس بات کا ریفرنس دینے کا کہا تو ساحل عدیم نے حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے جواب دیا کہ اسلام میں جاننے والا اور نہ جاننے والا برابر نہیں، اسلامی جمہوریہ پاکستان میں لاہور میں بیٹھی ایک لڑکی سے پوچھا کہ اسلام کا سب سے بڑا گناہ بتادو تو وہ کہتی ہے میں نے تو پہلی دفعہ سنا ہے اسے جہالت کہتے ہیں۔
تاہم لڑکی مصر رہیں کہ آپ معافی مانگیں اور میرے سوال کا جواب دیں ، بات کا رخ کہیں اور نہ موڑیں۔ جس پر ساحل عدیم نے کہا کہ میں آپ سے اس لیے معافی مانگتا ہوں کہ میری بچی آپ جاہل ہیں۔ لڑکی نے اس پر دوبارہ اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ آپ میری بات کا جواب دیں بجائے اس کے کہ آپ مجھے عربی میں آیات سنا رہے ہیں۔
اس بات پر شو میں شریک خلیل الرحمان پھٹ پڑے اور انتہائی بدتمیزی سے بات کرتے ہوئے لڑکی سے کہا کہ ’تو عربی کی آیات تمہیں تکلیف دے رہی ہیں، یہ کیا طریقہ ہے گفتگو کا؟‘
اس پر جب لڑکی نے جواب دیا تو خلیل الرحمان نے کہ ’آپ بدتمیزی مت کریں، ساتھ ہی میزبان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’چھینو اس سے مائیک‘
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر صارفین نے خواتین سے متعلق بات کرنے پر خاتون کو سراہا۔ جبکہ بدتمیزی سے پیش آنے پر ساحل عدیم اور خاص طور پر خلیل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
دوسری جانب پاکستانی اداکارہ میرا سیٹھی نے بھی ازبحہ کو انکی ہمت پر سلام پیش کرتے ہوئے پیغام جاری کردیا۔ انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اداکارہ میرا سیٹھی نے مذکورہ کلپ کے کیپشن میں لکھا کہ،’پاکستان میں یہ کہنے کیلئے جس ہمت کی ضرورت ہے اس پر ازبحہ کو سلام‘۔
تمام تر معاملے پر ساحل عدیم نے بھی ٹوئیٹ کیا لکھا کہ اپنی اپنی ٹویٹ، ٹک ٹاک، فیس بک اور یوٹیوب پہ میرے بارے میں اول فول لکھیں۔ بڑی چھوٹی تہمتیں لگائیں اور پیسے بنائیں۔ اپنے اپنے لیڈران کو ٹیگ کریں اپنی چاپلوسیوں والی نوکریاں بھی بچائیں۔ یا اللہ تیرا شکر ہے تو نے اس قابل سمجھا کہ کے رزق کا بھی میری تصویروں اور نام سے وسیلہ بنایا۔