پھول نگر(ڈیلی پوائنٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہےکہ چند ماہ میں پنجاب کے تمام اسپتالوں کو تبدیل کرکے رکھ دیں گے اور پنجاب کا کوئی ایسا اسپتال نہیں رہےگا جہاں مفت علاج نہ ہورہا ہو۔پھول نگر میں تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ جب بھی (ن) لیگ کی حکومت آتی ہے تو سازش کرکے ہٹا دیا جاتاہے، نواز شریف کی حکومت ختم نہیں ہوتی، ملک سے ترقی ختم ہوجاتی ہے، نواز شریف کا خدمت کا جذبہ لے کر چل رہی ہوں، آج نوازشریف کی چوتھی حکومت میں ترقی کا جو سفر شروع ہوا ہے اس کو رکنے نہ دینا، یہاں ایسے انسان کی بھی حکومت تھی جو کہتا تھا ٹماٹر، آلو اور پیاز کی قیمتیں پتا کرنے نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ڈکشنری میں ناممکن کا لفظ نہیں، عوام کو سستی روٹی پہنچانا میری ذمہ داری ہے، روز صبح نواز شریف سے ہدایات لیتی ہوں، نوازشریف کہتے ہیں لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرو، ہم جو وعدے کرتے ہیں وہ پورے کرتے ہیں، میں صرف میرٹ پر کام کر رہی ہوں،امن و امان کی صورتحال پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا۔