(ڈیلی پوائنٹ)پہلے پاکستان اور اب نیوزی لینڈ آج کے میچ میں افغانستان نے نیوزی لینڈ کو 84 رنز سے شکست دے کر نئی تاریخ رقم کر دی ہے.افغانستان کی ٹیم نے 160 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے والی تجربہ کار نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 75 کے اسکور پر آل آؤٹ کرکے میچ 84 رنز سے جیت لیا۔
افغان بولرز نے کیویز بلے بازوں کو اننگز کی ابتداء سے ہی اپنی نپی تلی اور گھومتی ہوئی گیندوں کے جال میں پھنسائے رکھا۔گلین فلپ اور میٹ ہینری کے علاوہ کوئی بھی کیوی بلے باز ڈبل فیگر میں داخل نہیں ہوسکا۔
اس سے قبل افغانستان نے رحمان اللّٰہ گرباز کے 80 رنز کی جارحانہ اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 160 رنز کا ہدف دیا تھا۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے چودھویں میچ میں افغان اوپنرز نے نیوزی لینڈ کے خلاف 103 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔
ابراہیم زردان نے41 بالز پر 44 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ رحمان اللّٰہ گرباز 56 بالز پر 80 رنز بنا کر اننگز کے آخری اوور میں آؤٹ ہوئے۔افغانستان کی پہلی وکٹ 14 ویں اوور میں 103 رنز پر گری جب ابراہیم زردان کو ہینری نے بولڈ کیا۔
دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عظمت اللّٰہ عمر زئی تھے وہ 13 گیندوں پر 22 رنز بنا سکے، ان کے بعد آنے والے محمد نبی کھاتہ کھولے بغیر واپس پویلین چلے گئے، کپتان راشد خان 6 کے اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔ساتویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنے والے گلبدین نائب کوئی رن نہ بنا سکے جبکہ کریم جنت اور نجیب اللّٰہ زردان ایک، ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
یوں افغان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 159 رنز اسکور کیے۔