لاہور( ڈیلی پوائنٹ )سینیئرصحافی منصور علی خان نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کی بات کرتے کہا اُن پر صحافی مبشرلقمان کی جانب سے کرپشن کا الزام لگایا گیا ہے، مبشر لقمان نے بابراعظم کو بھائی کی طرف سےتحفے میں ملنے والی لگژری گاڑی کی بات کی۔
تفصیلات کے مطابق سینیئرصحافی منصور علی خان نے اپنے ویلاگ میں اہم خبر دیتے ہوئے کہا کہ صحافی مبشر لقمان نے الزام لگایا ہے کہ بابراعظم کی ملنے والی لگژری’ اوڈی ایٹرون‘ گاڑی بھائی نے دی، بابراعظم کا بھائی کیا کماتا؟ اُس نے یہ گاڑی کس طرح بابر کو دے دی؟
منصور علی خان نے بتایا کہ بابراعظم اس پر قانونی ایکشن لینے جارہے ہیں اور ہوسکتا ہے کہ پی سی بی بھی کوئی پارٹی بن کر اس میں آجائے اور بابراعظم کی حمایت کرے، بابر اور مبشر لقمان کا تعلق پنجاب سے ہے اور پنجاب میں ’Defamation ‘ کے حوالے سے سخت قانون سازی کردی گئی ہے، اگر اس معاملے کو عدالت میں لے جایا گیا تو صورت حال مزید سنگین ہوجائے گی۔
سینیئر صحافی نے کہا اگر مبشرلقمان نے اتنی بڑی بات کی ہے تو ان کے پاس ثبوت بھی ہونے چاہیں، اس بنیاد پر کہہ دینا کہ انہو ں نے نئی گاڑی لی ہے یا بھائی نے گفٹ کی ہے یا پھر میچ فکسنگ کی ہے تو یہ ثبوت کافی نہیں ہیں، اگر بابراعظم کے بارے ہوا میں بات کی گئی ہے یا سنی سنائی تو یہ دونوں طرف سےایک بڑی خبر ہوسکتی ہے۔
منصور علی خان نے مزید کہا کہ اگر بابراعظم پر یہ الزام ثابت ہوگیا تب بھی بڑی سٹوری ہے اور اگر مبشرلقمان ثابت نہ کرپائے تو بھی بڑی خبرہوگی، آپ اس ملک کی نمائندگی کرنے والے کی بات کررہے ہیں جو معمولی بات نہیں ہے، بابراعظم کی بیٹنگ،کپتانی پر سوال کیا جاسکتا ہے مگر ابھی تک میچ فکسنگ کے حوالے سے کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔