چنائی(ڈیلی پوائنٹ)بیٹنگ فیل باؤلنگ فیل یہاں تک کہ فیلڈنگ بھی فیل ہو گئی۔بھارت کی میزبانی میں کھیلا جانے والا کرکٹ ورلڈکپ کے نئے میچز میں افغانستان کا مقابلہ پاکستان سے ساتھ ہوا۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم نے چنائی کی ’ڈرائی‘ پچ کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ افغان کپتان حشمت اللہ شاہدی بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے اور انھوں نے پاکستان کو 250 کے سکور تک محدود رکھنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔
امام الحق اور عبد اللہ شفیق کی جوڑی نے پاکستان کو دھیما مگر مستحکم آغاز دیا۔ ان کے بیچ 61 گیندوں پر 56 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کے بعد امام 17 رنز پر اپنی حالیہ کمزوری پُل شاٹ کی نذر ہوگئے۔ دیکھا جائے تو امام الحق ورلڈ کپ میں خاص پرفارمنس نہ دے سکے۔
عبد اللہ نے کپتان بابر کے ساتھ بھی 54 رنز کی پاٹنرشپ قائم کی مگر اپنی نصف سنچری مکمل کر کے لیفٹ آرم لیگ سپنر نور احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ 110 رنز پر دو وکٹوں کا نقصان جلد 120 رنز پر تین وکٹوں کا نقصان بن گیا جب رضوان بھی نور کی گیند پر سویپ کھیلتے ہوئے شارٹ فائن لیگ پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
163 رنز پر سعود شکیل کی وکٹ گرنے سے پاکستان کی بیٹنگ قدرے مشکل میں پڑ گئی تاہم بابر اعظم کریز پر موجود رہے اور انھوں نے 92 گیندوں پر 74 رنز کی باری کھیلی جس میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
اس میچ میں شاداب کی واپسی نے پاکستان کے لوئر میڈل آرڈر کو مضبوط کیا۔ ان کی افتخار احمد کے ساتھ 45 گیندوں پر 73 رنز کی شراکت اور آخری 10 اوورز میں 91 رنز کی بدولت پاکستان کا مجموعی سکور سات وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز ٹھہرا۔
جبکہ دوسری جانب افغانستان کی ٹیم کے اوپرنر بلے بازوں نے کمال کی اننگز کھیلی۔ دوسری اننگز کی ابتدا میں افغان اوپنرز عمدہ کھیلے اور 21 اوورز میں 130 رنز کی شراکت قائم کی۔ ابراہیم زدران اور رحمان اللہ گرباز نے اپنی نصف سنچریوں کے دوران پاکستانی بولرز کو دن میں تارے دکھا دیے۔
حارث رؤف کو ایک اوور میں لگاتار چار چوکے پڑے۔شاداب ،افتخار اور اسامہ کوئی بھی وکٹ لینے میں کامیاب نہ ہو سکا البتہ شاہین آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا اور ایک ہی وکٹ حسن علی نے اڑائی۔
کپتان باربر اعظم کا کہنا تھا کہ ناقص فیلڈینگ اور باؤلنگ کی وجہ سے ہم ہارے۔ اپنے باقی میچز میں اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔افغانستان کو جیت اور پاکستان کو ہار ملنے کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم تقریبا ورلڈ کپ سے باہر ہو گئی ہے۔
