بھارت کی مختلف ریاستوں میں کاٹن کینڈی کی فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے. بھارتی حکومت کی جانب سے کہنا تھا کہ اس کینڈی میں موجود کیمیکل کینسر کے بڑھنے کا سبب بن سکتا ہے۔رواں ہفتے بھارتی ریاست تامل ناڈو نے بچوں کی پسندیدہ کاٹن کینڈی جو کہ بڈی کے بال یا گڑیا کے بال کے نام سے بھی جانی جاتی ہے پر اب اس مٹھائی نما کینڈی پر پابندی لگا دی ہے۔
حکومت کی جانب سے اس کینڈی کا لیب ٹیسٹ کرایا گیا تھا، جس میں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ اس میں کیمیکل ’روڈامین‘ موجود ہے، جو کہ کینسر کے بڑھنے کا باعث بن سکتا ہے۔
دوسری جانب چنئی کے فوڈ سیفٹی کے افسر پی ستیش کمار نے بھارتی میڈیا سے بات چیت میں بتایا کہ کاٹن کینڈی میں موجود مواد کینسر کا باعث بن سکتا ہے اور جسم کے دیگر اعضاء پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔
عام طور پر یہ کمیکل ’روڈامین‘ ٹیکسٹائل، کاسمیٹکس اور سیاہی کو رنگنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، یہ کیمیکل شوخ گلابی رنگ کی وجہ سے مقبول ہے۔
یورپ اور امریکی ریاست کیلی فارنیا میں اس کیمیکل کو کھانے میں استعمال ہونے والے رنگ کے طور پر استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، کیونکہ یہ کینسر کے خطرے میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔
حیرت انگیز طور پر جس کینڈی پر بھارت کی مختلف ریاستوں میں پابندی عائد ہے، وہیں پاکستان میں یہ رنگ کھانوں کے رنگوں اور کینڈیز میں استعمال ہو رہا ہے۔