لاہور(ڈیلی پوائنٹ )بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی نقل کرکے شہرت حاصل کرنے والے کامیڈین شیام رنگیلا نے سیاست میں انٹری دیتے ہی بڑا اعلان کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نریندر مودی کے سب سے بڑے حمایتی کامیڈین شیام رنگیلا نے مودی جی کی حریف پارٹی عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کرکے مودی جی کے خلاف لوک سبھا کے انتخابات میں کھڑے ہونے کا اعلان کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کامیڈین وارانسی کے حلقے سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
کامیڈین شیام رنگیلا نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ویڈیو پیغام بھی جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے انتخابات میں حصہ لینے کی تصدیق کی اور عوام سے حمایت بھی طلب کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ ایک وقت تھا جب میں وزیر اعظم نریندر مودی کا سب سے بڑا حمایتی تھا، ان کی حمایت میں اور راہول گاندھی اور اروند کیجریوال کے خلاف کئی ویڈیو شیئر کی ہیں۔ 2014 میں کوئی بھی باآسانی یہ کہہ سکتا تھا کہ میں اگلے 70 سال تک نریندر مودی کو ہی ووٹ دوں گا لیکن گزشتہ 10 برسوں میں سب کچھ بدل گیا ہے، اب میں آزاد امیدوار کے طور پر لوک سبھا انتخابات میں وزیر اعظم کے خلاف لڑوں گا۔
خیال رہے کہ شیام رنگیلا نے 2022 میں راجھستان سے عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی، تاہم وہ حالیہ انتخابات میں آزاد حیثیت سے حصہ لے رہے ہیں۔