لاہور(ڈیلی پوائنٹ)مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سعد رفیق نے کہا ہے کہ مجھے عمران خان نے نہیں بلکہ جنرل باجوہ اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے جیل میں قید رکھا. لاہور میں خواجہ رفیق کی برسی پر ’بحرانوں میں گھرا پاکستان، اصلاح احوال کیسے ہو‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک آپس کی دھینگا مشتی میں گِھرا ہوا ہے۔
سعد رفیق کا کہنا ہے کہ آج جہاں کھڑے ہیں اس کے ذمے دار بانی پی ٹی آئی، ثاقب نثار اور باجوہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے کہتے ہیں کہ ہم ان کی بات نہیں کرتے، یہ اپنی غلطی نہیں مانتے، فاشسٹ سوچ کے ساتھ آنا چاہتے ہیں، انہوں نے ایک اقتدار کے لیے ہماری حکومت گرائی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا ہے کہ میری اس وقت بھی بات نہیں سنی گئی اور آج بھی کوئی نہیں سنتا، آج سیاسی مذاکرات شروع ہو چکے ہیں، ہم ان کی حمایت کرتے ہیں، ان مذاکرات کو غیر مشروط ہونا چاہیے، ایک دوسرے پر گولہ باری ہوتی رہے لیکن گفتگو میں سنجیدگی ہونی چاہیے، توقع ہے کہ مذاکرات سنجیدہ ہوں گے اور کوئی راستہ نکلے گا۔
