Hakomat ka pink scoter dainy ka fiasla

حکومت سندھ کا پنک اسکوٹرخواتین کو مفت دینے کا اعلان

سندھ(ڈیلی پوائنٹ)حکومت سندھ کا نوکری پیشہ خواتین کو مفت پنک اسکوٹر دینے کا فیصلہ سامنے آیا ہے. سندھ کے سینئر وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے یلو لائن بی آر ٹی کے جاری تعمیراتی کام کا دورہ کیا اور منصوبے کی پیش رفت کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر محکمہ ٹرانسپورٹ کے سیکریٹری اسد ضامن، پروجیکٹ ڈائریکٹر یلو لائن ضمیر عباسی، انجینئرز، تعمیراتی کمپنیوں کے نمائندے اور کنسلٹنٹس بھی موجود تھے، کنسلٹنٹس نے سینئر وزیر کو منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں پیش رفت، حائل رکاوٹوں اور تکمیل کے متوقع وقت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
شرجیل انعام میمن نے موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ یلو لائن بی آر ٹی کی تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور اسے مقررہ مدت سے پہلے مکمل کیا جائے گا۔ بسوں کی فراہمی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ وہ کراچی کے لیے 180 بسوں کی فراہمی کے اپنے وعدے کو پورا کریں، کیونکہ یہ کراچی کے شہریوں کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو اپنی کمٹمنٹ پوری کرنی چاہیے اور کراچی کے عوام کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنی چاہئیں۔
خواتین کے لیے خصوصی اقدامات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنک اسکوٹر خواتین کو مفت فراہم کی جا رہی ہیں، جو خصوصی طور پر نوکری پیشہ خواتین کے لیے ہوں گی۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پنک ٹیکسی سروس بھی جلد متعارف کرائی جا رہی ہے، تاکہ خواتین کے لیے محفوظ اور آرام دہ سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں