Hakomat Sindh ka officers ky liye nai garia kharidny ka fiasla

حکومت سندھ کا افسران کے لیے نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ

کراچی(ڈیلی پوائنٹ)جہاں غریب عوام ضروریات زندگی کو ترس رہی ہے وہی حکومت سندھ نے افسران کے لیے نئی اور مہنگی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کر لیا ہے. ایکسپریس نیوز کے مطابق حال ہی میں منعقدہ سندھ کابینہ کے اجلاس میں نئی گاڑیاں خریدنے کی باضابطہ منظوری دی گئی جس کے بعد محکمہ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن نے صوبے کے تمام کمشنرز اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو علیحدہ علیحدہ خطوط ارسال کرکے متعلقہ افسران کو درکار گاڑیوں کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
ایکسپریس کے پاس دستیاب ان خطوط کی کاپی کے مطابق صوبے کے ڈپٹی کمشنرز،اسسٹنٹ کمشنرز (مختارکار) اور دیگر افسران کے زیر استعمال سرکاری گاڑیاں پرانی ہوگئی ہیں اس لیے انھیں سرکاری ڈیوٹی کے سلسلے میں ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے، اس وجہ سے ان کے لیے نئی گاڑیوں کی ضرورت کے حوالے سے فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔
بورڈ آف ریونیو کو بھیجے گئے مکتوب میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ متعلقہ سب ڈویزنوں یا تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر وں کے لیے کتنی مہنگی گاڑیاں خریدی جائیں گی۔
مکتوب میں بتائی گئی پالیسی کے مطابق صوبے کی شہری تحصیلوں یا سب ڈویژنوں اور ڈویژنل اور ضلعی ہیڈکوارٹر میں کام کرنے والے اسسٹنٹ کمشنر یا مختار کارکیلیے1300 سی سی ٹویوٹا یارس خریدی جائیں گی جبکہ دیہی تعلقوں یا سب ڈویزنوں میں کام کرنے والے مختارکار یا اسسٹنٹ کمشنروں کیلیے ہائی لکس فور بائی فور ڈبل کیبن اسٹینڈرڈ ایڈیشن کی خریداری کی جائے گی۔
واضح رہے کہ صوبہ سندھ میں 31 اضلاع اور 150 تحصیل یا سب ڈویزن ہیں جبکہ کراچی میں 7 اضلاع اور 31 سب ڈویژنیں ہیں، پاکستان میں مختلف فیچرز والی 1300 سی سی ٹویوٹا یارس قیمت 43 لاکھ روپے سے 55 لاکھ روپے تک ہے جبکہ ہائی لکس فور بائی فور ڈبل کیبن کی قیمت ایک کروڑ سے زیادہ ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں