کراچی(ڈیلی پوائنٹ)گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ ایک کروڑ لوگوں کی ہائے نے عمران خان کو جیل پہنچایا ہے. عمران خان کہتے رہے ایک کروڑ لوگوں کو نوکریاں دیں گے بعد میں بات سے منحرف ہو گئے اور بولا وہ صرف اقتدار میں آ نے کے لیے بیان تھا.
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سحری کرنے سرجانی ٹاؤن پہنچے اس موقع پر انکے ساتھ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار اور دیگر بھی موجود تھے.گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس میں آئی ٹی یونیورسٹی کا قیام اور ایک کروڑ نوکریاں دینے کا دعویٰ ایم کیو ایم کا نہیں بلکہ پی ٹی آئی کا تھا۔
انہوں نے سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کے آخر میں آپکو معافی مانگنی چاہیے، کیونکہ پی ٹی آئی نے عوام کا دل دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی رہنما کو جیل میں نہیں جانا چاہیے، لیکن عوام کی بد دعائیں انہیں ضرور پہنچتی ہیں۔

