دہلی (ڈیلی پوانٹ)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ 2023 کے فائنل میں شکست کے بعد اب بھارتی کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سےریٹائرمنٹ میں اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہوگا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی کو پیغام پہنچا دیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کیریئر کے حوالے سے دونوں کھلاڑی خود فیصلہ کرلیں۔
میڈیا رپورٹس میں یہ بھی دعوی کیا گیا ہے کہ بھارتی کپتان روہت شرما کی جانب سے جلد ہی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔ ورلڈکپ سے پہلے ہی روہت شرما نے کرکٹ بورڈ سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنے مستقبل کے بارے میں بات کی تھی۔
بھارتی میڈیا میں بتایا گیا ہے کہ امکان ہے کہ بھارتی کپتان ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنے کیلئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے جلد ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔
خیال رہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 5 روزہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز آج سے ہورہا ہے۔ بھارت کی طرف سے روہت شرما، ویرات کوہلی سمیت سینیئر کھلاڑیوں کی جگہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے۔