اسلام آباد(ڈیلی پوائنٹ )جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں چند روز قبل مسافر طیارے میں آگ لگنے کا خوفناک واقعہ پیش آیا تھا جس میں خوش قسمتی سے تمام مسافر محفوظ رہے تاہم اب جہاز کے اندرونی مناظر کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپانی ائیر لائن کا مسافر طیارہ ٹوکیو کے ائیرپورٹ پر جیسے ہی اترا تو رن وے پر کھڑے کوسٹ گارڈ کےا یک جیٹ سے ٹکرایا جس کےبعد طیارے میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے جہاز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر اب طیارے میں موجود مسافروں کی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں جہاز کی کھڑکی سے آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے جاسکتے ہیں۔
یہ ویڈیو جہاز میں موجود ایک مسافر کی جانب سے ہی بنائی گئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہےکہ جہاز میں دھواں بھرا ہوا ہے جب کہ گھبرائے ہوئے مسافر چیخ و پکار کررہے ہیں۔