کارساز ٹریفک حادثہ،گورنر سندھ کاعدالت جانے کااعلان

کراچی( ڈیلی پوائنٹ )گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ اگر کارساز واقعے میں انصاف ہوتا ہوا نظر نہیں آیا تو وہ لواحقین کے ساتھ بحیثیت گورنر عدالت جائیں گے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کارساز حادثے میں جاں بحق باپ بیٹی کے گھرگئے اور لواحقین سے تعزیت کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ دو جانیں چلی گئیں، ہمیں انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے، اگرانصاف ہوتا ہوا نظر نہیں آیا تو بحیثیت گورنر ان کے ساتھ عدالت جاؤں گا۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ کوئی بھی طاقتور ہو وہ اللہ سے نہیں بچ سکتا، کارساز حادثے میں ناانصافی نہیں ہونے دیں گے، وکیلوں کے ساتھ رابطے میں رہیں گے، چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کروں گا آپ بھی اس کیس کو مانیٹر کریں، کہیں انصاف ہوتے ہوتے رہ نہ جائے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل کارساز کے علاقے میں تیز رفتار گاڑی موٹر سائیکل سواروں کو روندتی ہوئی دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی تھی، اس حادثے میں موٹرسائیکل سوار باپ بیٹی کی ہلاکت ہوئی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں