خلیل الرحمٰن نے ماہرہ خان کے بعد صبا قمر کیساتھ کام نہ کرنے کی وجہ بتادی

کراچی(ڈیلی پوائنٹ )پاکستان کے معروف ڈرامہ نگار، ہدایتکار و شاعر خلیل الرحمٰن قمر نے ماہرہ خان کے بعد، اب باصلاحیت اداکارہ صبا قمر کے ساتھ بھی کام کرنے سے انکار کردیا ہے۔
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران، میزبان نے خلیل الرحمٰن قمر سے سوال کیا کہ وہ کونسی ایسی اداکارہ یا اداکارہ ہیں، جنہیں آپ کبھی بھی اپنے ڈرامے میں کاسٹ نہیں کرنا چاہیں گے؟
اس سوال کے جواب میں خلیل الرحمٰن قمر نے کہا کہ میں صبا قمر کو اپنے کسی بھی پراجیکٹ میں کاسٹ نہیں کروں گا کیونکہ وہ جس طرح کے بیہودہ لباس پہنتی ہیں، وہ میرے معیار کے بالکل خلاف ہیں۔
خلیل الرحمٰن نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ صبا قمر ایک بہترین اداکارہ ہیں اور انہوں نے ماضی میں میرے ایک ڈرامے میں کام بھی کیا، اُس ڈرامے میں اُنہوں نے شاندار اداکاری کی تھی جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا بھی گیا تھا لیکن اب وہ جس طرح کے لباس پہنتی ہیں وہ ہماری ثقافت اور اصولوں کے خلاف ہے۔
ڈرامہ نگار نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ ایسے ملبوسات پہننا، صبا قمر کی ذاتی پسند ہے اور مجھے ان کی پسند سے کوئی مسئلہ بھی نہیں ہونا چاہیے لیکن مجھے اپنے کام کے لیے کسی کا انتخاب کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میں جن اداکاروں کے ساتھ بار بار کام کرنا چاہوں گا، اُن میں ٹاپ لِسٹ میں ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ ماضی میں خلیل الرحمٰن قمر نے عورت مارچ کے حوالے سے ہونے والے ایک ٹی وی پروگرام میں ماروی سرمد کے خلاف نامناسب زبان استعمال کی تھی، جس پر شوبز شخصیات نے ڈراما نگار پر خوب تنقید کی تھی جس میں ماہرہ خان بھی شامل تھیں۔
ماہرہ خان کی تنقید کے بعد خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا تھا کہ اللہ وہ وقت نہ لائے کہ مجھے کبھی ماہرہ خان کو معاف کرنا پڑے، ماہرہ خان کہیں ملیں اورسلام کیا توجواب دوں گا لیکن انہیں معاف نہیں کروں گا اور نہ ہی اُنہیں اپنے کسی ڈرامے میں کاسٹ کروں گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں