لاہور(ڈیلی پوائنٹ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گندم کے کاشتکاروں کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کر دیا ہے. گندم کے کسان بہت پریشان تھے کیونکہ گندم کا فی من ریٹ مقرر نہیں کیا گیا تھا مگر اب مریم نواز نے کسانوں کے حق میں بڑا فیصلہ کر لیا ہے.
ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ساڑھے 5 لاکھ کاشت کاروں کو براہ راست گندم سپورٹ فنڈ کے تحت 15 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی۔ترجمان نے بتایا کہ گندم کے کاشتکاروں کو کسان کارڈ کے ذریعے براہ راست پیسے ملیں گے۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس سال گندم کے کاشتکاروں کے لیے آبیانہ اور فکس ٹیکس میں بھی چھوٹ کا اعلان کر دیا۔گندم کو موسمی اثرات اور کسانوں کو مارکیٹ کے دباؤ سے محفوظ رکھنے کے لیے 4 ماہ تک مفت اسٹوریج کی سہولت مہیا کی جائے گی جبکہ صوبائی اور ضلعی سرحدوں پر گندم اور آٹا کی نقل وحمل پر عائد پابندی بھی ختم کر دی گئی ہے۔

