لاہور(ڈیلی پوائنٹ )یاسرحسین نے شادی کی چوتھی سالگرہ پر اہلیہ اقراء عزیز کو کچھ الگ ہی انداز سے مبارکباد دی ہے۔
اداکار اکثر و بیشتر اپنے بے لاگ تبصروں کے باعث تنقید کی زد میں بھی رہتے ہیں۔ اس کے باوجود ان کا دوٹوک انداز برقرار رہتا ہے۔ اس بار اقراء سے اظہارِ محبت کے لیے انہوں نے محبت کے گلی کوچوں سے سیاست کے میدان تک کا سفر طے کیا۔
سوشل میڈیا پر دلکش تصاویر کے ساتھ اس پوسٹ میں آپ کو پاکستان کے سابق وزیراعظم نوازشریف کا بھی ذِکر ملتا ہے۔
اپنے پیغام میں ان دنوں امریکا میں چھٹیاں منانے والے یاسر نے سوئے ہوئے بیٹے کبیرحسین اور اقراء کی تصاویر شیئرکرتے ہوئے لکھا کہ ’دسمبرکی 28 تاریخ شادیوں کی سب سے عام تاریخ ہے لیکن ان کیلئے یہ سب سے خاص ہے کیونکہ اس دن انہیں اقراء ملی تھیں‘۔
اقراء کی خوبیوں کے معترف مداحوں کو یاسر نے یہ انتباہ بھی کیا کہ وہ آپ سب کیلئے ’سویٹ‘ لیکن میرے لیے بہت غصیلی ہے اور مجھے ایسے ہی پسند ہے۔ یاسر نے اہلیہ کے لیے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’اقراء تم دنیا کی سب سے نرم اور شیریں مزاج انسان ہو، لوگ کہتے ہیں کہ آپ بہت خوش قمست ہیں کہ آپ کو اقراء ملی اور صحیح کہتے ہیں‘۔
اس پیغام کا چُلبلا حصہ یہ ہے کہ ’میں تمہیں اتنا پیار کرتا ہوں جتنا کہ نواز شریف پائے سے، ایلون مسک مریخ سے اور اداکار اپنے آپ سے‘۔
اقراء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یاسر نے انہیں شادی کی چوتھی سالگرہ کی مبارکباد کے ساتھ یقین دلایا کہ وہ اُن سے بہت پیار کرتے ہیں۔
دونوں کے مداحوں نے تبصروں میں اس پوسٹ سے محظوظ ہوتے ہوئے نیک خواہشات کااظہار کیا۔
یاسر اور اقراء کی شدی 2019 میں ہوئی تھی، اس جوڑی کا ایک بیٹا کبیر حسین ہے۔