(ڈیلی پوائنٹ)مغلئی بریانی بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء: باسمتی چاول500؍ گرام، مٹن چھوٹی بوٹیاں ایک کلو، گرم مسالہ 2 چھوٹے چمچے، ثابت لال مرچ 6 عدد، کاجو 7؍ عدد، بریستہ ایک عدد پیاز کا، لونگ 5 عدد، دارچینی 2 ٹکڑے، سبزالائچی 2؍ عدد، سبز مرچ 3 عدد، پودینہ ایک چھوٹی گڈی، ادرک لہسن کا پیسٹ ایک بڑا چمچہ، اُبلے ہوئے انڈے4 عدد، تیل 5بڑے چمچے، زعفران 3چھوٹے چمچے (۳؍ چوتھائی کپ دودھ میں حل کرلیں)، ہرا دھنیا حسب ِ ضرورت، نمک حسب ِ ضرورت۔
بنانے کا طریقہ: ثابت سرخ مرچ اور کاجو کو تھوڑے سے پانی میں گرائنڈ کرکے پیسٹ بنا لیں۔ گوشت کو ادرک لہسن کا پیسٹ لگا کر تھوڑی دیر کے لئے رکھ دیں۔ ایک برتن میں ۴؍ چمچے تیل گرم کرکے کاجو والا پیسٹ فرائی کریں۔ اس میں گوشت، ایک چمچہ گرم مسالہ اور نمک شامل کرکے بھونیں۔ جب یہ تیل چھوڑ دے تو ڈیڑھ کپ گرم پانی ڈال کر ڈھکن بند کر دیں اور گوشت گلنے تک پکائیں۔ ایک کھلے منہ کے برتن میں ایک چمچہ تیل گرم کرکے اس میں تمام مسالے فرائی کریں۔ اس میں چاول ڈال کر تھوڑی دیر فرائی کریں اور پھر سبز مرچ، نمک اور اتنا پانی ڈالیں کہ چاول گل جائیں۔ چوپڈ دھنیا، پودینہ، گرم مسالہ اور فرائی کئے ہوئے پیاز ملا لیں۔ ایک دوسرے کھلے منہ کے برتن میں تیل یا گھی گرم کریں۔ پہلے چاولوں کی پھر گوشت کی ایک تہہ لگا دیں اس کے اوپر زعفران ملا دودھ اور ایک چمچہ تیل چھڑک دیں۔ ہلکی آنچ پر تقریباً ۲۰؍ منٹ کے لئے دَم دیں۔ انتہائی لذیذ مغلئی بریانی تیار ہے۔ ابلے ہوئے انڈوں کے قتلے سجا کر پیش کریں۔