کراچی (ڈیلی پوائنٹ)ایم کیو ایم اور (ن) لیگ کا اتحاد خطرے میں پڑ گیا ہے.ایم کیو ایم نے ن لیگ سے روایتی سیٹوں پر سیٹ ایڈجسٹمٹ سے معذرت کرلی ہے۔ذرائع کےمطابق کراچی میں ایم کیو ایم اور (ن) لیگ کے رہنماؤں کی ملاقات ہوئی جس میں عام انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور صوبے میں سیاسی اتحاد پر گفتگو کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ایم کیوایم نے (ن) لیگ سے کراچی میں متحدہ کی روایتی سیٹوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے معذرت کرلی ہے تاہم لیاری، کیماڑی اور ملیر کے چند حلقوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے رضا مندی ظاہر کی ہے۔
حیدرآباد میں قومی اسمبلی کی دونوں نشست پر ایم کیوایم نے اپنا امیدوار لانے پر زور دیا ہے جب کہ میرپورخاص، نوابشاہ، سکھر، لاڑکانہ اور ٹنڈوالہ یار کی نشستوں پر ایم کیو ایم بات کرنے پر راضی ہے۔
(ن) لیگ کا مؤقف ہے کہ جن نشستوں پرایم کیو ایم کو 20 سے 25 ہزار ووٹ ملے وہاں وہ (ن) لیگ کو سپورٹ کرےتو بات بنے گی۔
ذرائع کے مطابق ان تجاویز کو دونوں پارٹیوں کی قیادت کے سامنے رکھا جائے گا۔