لاہور(ڈیلی پوائنٹ) نوجوان کی جانب سے خاتون دوست کو شادی کی پیشکش کرنے میں پولیس بھی میدان میں آگئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ دلچسپ واقعہ امریکا میں پیش آیا جہاں سڑک پر نوجوان نے اپنی خاتون دوست کو شادی کی پیشکش کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان نے اپنی دوست کو شادی کی پیشکش کے لیے منصوبہ 2 پولیس اہلکاروں کے ساتھ مل کر بنایا۔
رپورٹ کے مطابق لڑکا اپنی دوست کے ہمراہ گاڑی میں جارہا تھا جب ایک پولیس اہلکار نے نوجوان کی گاڑی کو روکا اور اسے گاڑی سے باہر نکالا جب کہ دوسرے اہلکار نے گاڑی میں موجود خاتون کو بھی باہر آنے کے لیے کہا جب کہ نوجوان کو پولیس نے ہتھ کڑی لگانے کی کوشش کی جسے دیکھ کر خاتون خوفزدہ ہوگئی۔
خاتون نے پولیس اہلکاروں سے اس سخت رویے کے حوالے سے دریافت کیا کہ اتنے میں نوجوان سڑک پر اپنے گھٹنوں پر بیٹھ گیا اور اس نے انگوٹھی نکال کر خاتون کے سامنے پیش کردی جسے دیکھ کر خاتون جذباتی ہوگئی۔بعدازاں جوڑے کی جانب سے دونوں پولیس اہلکاروں کو ان کا قیمتی لمحہ یاد گار بنانے پر شکریہ ادا کیا گیا۔یہ اپنی نوعیت کا عجیب اور دلچسپ واقعہ ہے.