لاہور( ڈیلی پوائنٹ) بھارت میں والدین کی اجازت کے بغیر محبت کی شادی کرنے پر والدین نے افسردہ ہو کر خودکشی کر لی۔
بھارتی علاقے پوومبا میں ایک جوڑے نے اس وقت سب کی توجہ حاصل کی، جب دونوں کی لاشیں گھر سے برآمد ہوئیں، بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پوومبا کے رہائشی انیکرشنا اور ان کی اہلیہ بندو اپنی بیٹی کو لے کر پریشان تھے، اگرچہ اولاد کی ہر خواہش پوری کی، تاہم بیٹی اپنے عاشق کے ساتھ گھر چھوڑ کر بھاگ گئی۔
محبت کی شادی کرنے والی لڑکی کالج کی طالبہ ہے، جبکہ والدین اس شادی کے مخالف تھے، جس کے باعث بیٹی کو لے کر پریشان رہتے تھے، بیٹی کے محبت کی شادی کرنے کا صدمہ والدین برداشت نہ کر سکے اور مبینہ طور پر زہر پی کر اس غم کو ہمیشہ کے لیے بھلانے کا ارادہ کر لیا۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ جوڑا بیٹی کے تعلقات کو لے کر ذہنی طور پر پریشان تھا جبکہ انتہائی قدم اٹھانے کی وجہ بیٹی کی بھاگ کر شادی کرنا ہو سکتی ہے۔