لاہور(ڈیلی پوائنٹ )آسٹریلیا کے خلاف میلبرن ٹیسٹ کے دوران محمد رضوان کے متنازع آؤٹ پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے امپائرنگ اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق معاملات انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ساتھ اٹھانے کا فیصلہ کرلیا۔
گزشتہ روز کھیل کے 61ویں اوور میں پیٹ کمنز کی گیند پر رضوان نے بال پر جھکنے کی کوشش کی تاہم بال گلفوز کے اسٹریپ کو لگتی ہوئی وکٹ کیپر ایلکس کیری کے پاس گئی، اپیل کرنے پر آن فیلڈ امپائر نے آؤٹ قرار نہ دیا تاہم ریویو کرنے پر تھرڈ امپائر نے فیلڈنگ سائیڈ کے حق میں فیصلہ سنایا، جس پر رضوان نے بھی حیرت کا اظہار کیا تھا۔
میچ کے اختتام پر پریس کانفرس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے بھی امپائرنگ کے فیصلوں پر تشویش کا اظہار کیا تھا، انکا کہنا تھا کہ اگر ہم پورے کھیل کا تجزیہ کریں تو امپائرز کے بہت ہی متضاد فیصلے تھے، میرے خیال میں اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ ایک امپائر کال کا فیصلہ دوسری ٹیم کیلئے شکست کا سبب بھی بن سکتا ہے۔
محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ میچ کے اختتام پر رضوان سے پوچھا کہ کیا گیند گلفوز پر لگی تھی جس پر کرکٹر نے جواب دیا کہ گیند میرے دستانوں کے اسٹریپ نہیں لگی تھی بلکہ کہنی اور ہتھیلی کے بیچ لگی تھی۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ بورڈ ذرائع نے محمد رضوان کے متنازع آؤٹ پر ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ سے بات چیت کی اور پاکستان کرکٹ بورڈ معاملے کو آئی سی سی کی گورننگ باڈی کے ساتھ اس نکتے کو اٹھانے پر غور کررہا ہے۔