لاہور(ڈیلی پوائنٹ) پاکستانی معروف موسیقارو گلوکار ساحر علی بگا نے سرکاری ایوارڈ یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان کو درندہ صفت انسان کے ساتھ ساتھ منافق بھی قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ساحر علی بگا ایک شاندار موسیقار ہیں جو برسوں سے پاکستانی میوزک انڈسٹری پر راج کر رہے ہیں، پاکستانی ڈراموں کے تقریباً تمام ہٹ ٹائٹل گانوں کے پیچھے ساحر علی بگا کی ہی محنت ہے، ان کے مشہور گانوں میں بازی، مست ملنگ، عہد وفا، بھروسہ پیار تیرا اور دیگر شامل ہیں۔
دوسری جانب اگر بات کی جائے راحت فتح علی خان کی تو یہ نام ناصرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی مشہور ہے،ساحر علی بگا اور راحت فتح علی خان کئی سالوں سے ایک ساتھ کام کر رہے ہیں لیکن ساحر علی بگا کی حالیہ پوسٹس کسی اور چیز کی ہی طرف اشارہ کررہی ہیں۔
ساحر علی بگا نے انسٹاگرام پر راحت علی مخالف پوسٹس جاری کیں جس میں کہا گیا کہ “راحت فتح علی خان سب سے بڑا منافق اور ایک سفاک شخص ہے، خدا کی لعنت ہو منافق پر راحت فتح علی خان درندہ صفت ہونے کے ساتھ ساتھ منافق بھی ہے۔
ساحر علی بگا کی ان پوسٹس نے سوشل میڈیا پر آگ لگا دی،جبکہ صارفین دونوں معروف شخصیات کے درمیانی تنازعے سے متعلق تجسس میں مبتلا ہوگئے کہ آخر دونوں میں کیا چل رہا ہے۔
کسی نے ساحر علی بگا کے اس اقدام کی مذمت کی تو کسی نے مزاحیہ تبصرے کرنے کا موقع ہاتھ سے نہ جانے دیا۔
بہت سے مداح راحت فتح علی خان پر ان کے حالیہ تنازعہ کی وجہ سے مزاحیہ تبصرے کر رہے ہیں جس میں وہ نشے میں دھت اپنے ایک شاگرد کو مارتے ہو ئے دیکھے گئے تھے۔
ابھی ان پوسٹس پر تبصروں کا سلسلہ جاری ہی تھا کہ ساحر علی بگا نے اپنی انسٹاگرام سٹوری اور پوسٹس دونوں ہی پروفائل سے ڈیلیٹ کردیں، ساحر علی بگا کا راحت فتح علی خان کو بے نقاب کرنے کے حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔