صنم جاوید کورہائی نہ مل سکی،جیل سے نکلتے ہی دوبارہ گرفتار

لاہور( ڈیلی پوائنٹ )پاکستان تحریک انصاف کی خواتین رہنما صنم جاوید اورعالیہ حمزہ کی رہائی ممکن نہ ہوسکی ،سرگودھا جیل سے نکلتے ہی صنم جاوید کو گوجرانوالہ پولیس نے دوبارہ حراست میں لیا جبکہ روبکار جیل نہ پہنچنے پر عالیہ حمزہ کو رہائی نہ مل سکی۔
یاد رہے کہ دونوں رہنماؤ ں کی انسداد دہشتگردی عدالت سے ضمانت ہو چکی ہے۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے 3 مقدمات میں عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کی ضمانت منظور کی جبکہ انہیں تھانہ موسی خیل کے چوتھے مقدمے میں بھی عبوری ضمانت منظور دی گئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے سانحہ 9 مئی کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی گوجرانوالہ کو سرگودھا جیل میں قید صنم جاوید اور عالیہ حمزہ سے تفتیش کی اجازت دی گئی تھی۔
انسداد دہشتگردی عدالت میں گوجرانوالہ میں 9 مئی کو توڑ پھوڑ کے مقدمہ کی سماعت کے دوران جے آئی ٹی کی جانب سےاستدعا کی گئی تھی کہ صنم جاوید اور عالیہ حمزہ سے تفتیش کرنے کی اجازت دی جائے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ صنم جاوید اور عالیہ حمزہ سرگودھا جیل میں ہیں۔ جے آئی ٹی کی درخواست میں ایف آئی اے کے ایک لیٹر اور سول میڈیا ویڈیوز کا حوالہ بھی دیا گیاتھا۔
عدالت نے جے آئی ٹی کو دونوں ملزمہ سے سرگودھا جیل میں تفتیش کرنے کی اجازت دی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں