اسلام آباد(ڈیلی پوائنٹ)سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی سعودی ایئرلائن نے دنیا کی پہلی سینیٹائزنگ تسبیح متعارف کرا دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی ایئر لائن کے ترجمان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران عمرہ زائرین کی بہت بڑی تعداد حجاز مقدس کا رخ کرتی ہے جن کے لیے محفوظ تسبیح کو تخلیقی اداروں کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موتیوں کی مالا پر مشتمل یہ پہلی تسبیح ہے جو دہرا کام سرانجام دیتی ہے۔ یہ تسبیح نہ صرف روحانی عمل کو انجام دیتی ہے بلکہ ہاتھوں کی صفائی بھی کرتی ہے جبکہ اس تسبیح کی تیاری میں چائے کے درخت کا تیل بطور جراثیم کش عنصر استعمال کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق چائے کے درخت کا تیل جراثم کے وسیع اقسام کے خلاف انتہائی مؤثر ہے۔
نائب صدر سعودی ایئرلائن عصام اخونبے کے مطابق سعودی ایئر لائن کو منفرد پراڈکٹ متعارف کروانے پر فخر ہے۔
واضح رہے کہ سینیٹائزنگ تسبیح مہمان مسافروں کو روحانی سفر کے دوران عبادت کرنے کی سہولت فراہم کرے گی اور یہ تسبیح سعودی ایئرلائن سے سفر کرنے والے مسافروں کو دستیاب ہو گی۔ سعودیہ کی جانب سے شہر مکہ مکرمہ میں بھی محفوظ تسبیح تقیسم کی گئی ہے۔