سندھ(ڈیلی پوائنٹ)سرکاری ملازمین کے لیے اچھی خبر سامنے آئی ہے سندھ حکومت نے سرکاری ملازمین کو آسان اقساط پر پلاٹس دینے کا اعلان کیا ہے.صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین کو ریلیف دینے کی کوشش کریں گے.
تفصیلات کے مطابق شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کیلئے حکومت سندھ ہاؤسنگ سوسائٹیز بنانے جارہی ہے، اب سرکاری ملازمین کم قیمت پر قسطوں پر پلاٹ حاصل کرسکیں گے، ہم نے صحافیوں کو بھی پلاٹس دیے ہیں۔انھوں نے کہا کہ لو گریڈ اور اپر گریڈ سرکاری ملازمین کیلئے یہ اسکیم ہوگی، پولیس، ٹریفک پولیس کے محکمے بھی اسکیم میں شامل ہیں۔
پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نے کہا کہ پاکستان اسٹیل مل کو بند نہیں کیا جائیگا اور نہ پرائیویٹائز کیا جائےگا، اسٹیل مل کی زمین پر سندھ حکومت ایکسپورٹ پروسیسنگ زون بنانے جارہی ہے، وفاق اور سندھ حکومت مل کر پاکستان اسٹیل مل کو چلائیں گے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں الیکٹرک بسوں کے نئے روٹس کی کابینہ نے منظوری دی ہے، کراچی میں مزید الیکٹرک بسیں سڑکوں پر چلائی جائیں گی، کراچی کو 8 ہزار بسوں کی ضرورت ہے۔