اسلام آباد( ڈیلی پوائنٹ )بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویرات کوہلی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے، جس میں وہ ساتھی کرکٹر شبمن گل کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔
انٹرنیٹ صارفین نے ویرات کوہلی کی ڈیپ فیک ویڈیو کو سوشل میڈیا پر جعلی قرار دیا اور ساتھ ہی کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس ( اے آئی) تو بہت ہی خطرناک ہے۔
بھارتی کرکٹ سرکٹ میں ویرات کوہلی اور سچن ٹنڈولکر کے درمیان موازنہ مسلسل بڑھ رہا ہے، 35 سالہ کرکٹر کو کئی مداحوں نے ’اب تک کا عظیم کھلاڑی‘ قرار دیا ہے جبکہ کچھ نے ماسٹر بلاسٹر کو بھارت کا اب تک کا بہترین بیٹر قرار دیا۔
اس بحث میں ایک نئی انٹری ہوئی ہے، وہ 24 سالہ نوجوان بیٹر شبمن گل کی ہے، جس نے اپنے ٹیلنٹ، شاندار تکنیک اور کئی بار کی شاندار پرفارمنس سے کرکٹ فینز اور ماہرین کو متاثر کیا۔
نوجوان کرکٹر سے بہت سے بھارتی متاثر ہیں اور وہ اسے بھارت کا اگلا بڑا کھلاڑی قرار دے رہا ہے، ایسے میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس نے بڑی بحث کھڑی کردی ہے۔
جعلی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ویرات کوہلی نوجوان کرکٹر کا نام لے کر انہیں ہدف تنقید بنارہے ہیں، وہ کہتے ہیں، بہت اچھا کھیلنے اور لیجنڈ بننے میں بڑا فرق ہوتا ہے۔
ویڈیو میں سابق بھارتی کپتان نے مزید کہا کہ میں نے شبمن گل کو بہت قریب سے دیکھا ہے، وہ باصلاحیت ہے، اس کی تکنیک بہت شاندار ہے، لوگ اُسے آئندہ وقت کا ویرات کوہلی کہہ رہے ہیں، لیکن لوگوں کو سمجھنا ہوگا کہ ویرات کوہلی صرف ایک ہے۔
اس پوسٹ پر ویرات کوہلی کے مداحوں کی بڑی تعداد نے ردعمل دیا اور ویڈیو کے ایڈیٹنگ والے حصوں کی نشاندہی کی۔