لاہور( ڈیلی پوائنٹ )کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ناکامی کا ملبہ پچز پر ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا میں پچز بلے بازوں کیلئے مشکل تھیں، آئی سی سی کو فرینڈلی پچز بنانا چاہیے۔
آئرلینڈ کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ صرف ہم نے نہیں بلکہ امریکا میں کھیلنے والی دیگر ٹیموں کے بلے بازوں کو بھی مشکلات آئیں۔
اپنی پریس کانفرنس میں انہوں کہا کہ میں ہار کی ذمہ داری لینے کو تیار ہوں لیکن ٹیم کے باقی کھلاڑیوں کو بھی ذمہ داری لینا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کسی ایک کھلاڑی پر ورلڈ کپ کی ہار کا ملبہ نہیں ڈالنا چاہیے، ہم نے بطور ٹیم اس ٹورنامنٹ میں اچھی کرکٹ نہیں کھیلی۔
بابر اعظم نے مزید کہا کہ مائنڈ سیٹ نہیں ہمیں گیم کی آگاہی کی ضرورت ہے، ہم نے اہم موقع پر چانسز گنوائے۔
کپتان کا کہنا تھا کہ واپس جا کر چیئرمین سے بات کروں گا، وہ جو پوچھیں گے اس کا جواب دوں گا۔
بابراعظم کا کہنا تھا کہ عماد اور محمد عامر نے اس ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دی، محمد عامر سینیئر بولر ہے اس کو تجربہ ہے کہ کیسے بولنگ کرنی ہے۔