لاہور(ڈیلی پوائنٹ)محققین کا کہنا ہے کہ سخت اور حد سے زیادہ ورز ش کے فوری بعد انسانی جسم کا دفاعی نظام ( امیون سسٹم ) کمزور پڑجاتا ہے۔ لوگوں کی بڑی تعداد جسمانی طور پر فٹ رہنے کے لیے شوقیہ ورزش کرتی ہے مگر بہت سے پیشے ایسے ہیں سخت ورزش جس کا لازمی حصہ ہوتی ہے۔ فائرفائٹنگ یعنی آگ بجھانے کی نوکری بھی ایک ایسا ہی شعبہ ہے جس سے وابستہ فائر فائٹرز کو فٹ رہنے کے لیے جسمانی ورزش باقاعدگی سے کرائی جاتی ہے۔
ملٹری میڈیکل ریسرچ نامی طبی جریدے میں شائع ہونےوالی تحقیق کے دوران 4700 فائر فائٹرز سے سخت ورزش کے بعد مائعات کے سالمے ( مالیکیول) حاصل کیے گئے اور ان کا جائزہ لیا گیا۔
محققین کی ٹیم میں شامل پیسیفک نارتھ ویسٹ نیشنل لیبارٹری ( پی این این ایل ) کی بایومیڈیکل سائنس داں ارنیستو ناکایاسو کے مطابق سالموں کے تجزیے سے یہ بات سامنے آئی کہ سخت ورزش کرنے کے فوری بعد ان افراد کے نظام تنفس کے وائرل انفیکشن سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ حد سے زیادہ ورزش کرنے کی وجہ سے جسم کا دفاعی نظام سست پڑجاتا ہےا ور اس کی حملہ آور جراثیم سے مقابلے کی طاقت کمزور ہوجاتی ہے۔
معتدل ورزش کے انسانی جسم کے دفاعی نظام پر مثبت اثرات کی توثیق کرنے والی ان گنت اسٹڈیز موجود ہیں۔تاہم جسم کی بیماریوں سے لڑنے کی صلاحیت پر سخت ورزش کے اثرات اب تک موضوع بحث چلے آرہے ہیں۔
ناکایاسو اور ان کے ساتھی سائنس دانوں نے اپنی تحقیق کے لیے فائر فائٹرز کے جسم سے ورزش سے 45 منٹ پہلے اور بعد میں بلڈ پلازما، پیشاب اور لعاب کے نمونے حاصل کیے تھے۔
ان نمونوں کے تجزیے سے سائنس دانوں نے نتیجہ اخذ کیا کہ ورزش کے فوری بعد فائر فائٹرز کا جسمانی دفاعی نظام سست پڑ گیا تھا۔