اسلام آباد (ڈیلی پوائنٹ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی 9 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں ٹرائل کورٹس میں بحال کردی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی 9 درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنادیا۔
عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستیں بحال کرنے کی اپیلیں منظور کرلی اور ٹرائل کورٹس کا ضمانت کی درخواستیں خارج کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے انسداد دہشت گردی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کی 3 اور سیشن عدالت میں 6 درخواستیں بحال کردی ہیں۔
واضح رہے کہ ٹرائل کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستیں عدم پیروی پر خارج کر دی تھیں جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی نے درخواست ضمانت بحالی کی اپیلیں دائر کر رکھی تھیں اور چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف نو مئی واقعات، توشہ خانہ جعلسازی اور جوڈیشل کمپلکس حملہ کے مقدمات درج ہیں.