راکٹ حملوں میں 11 پولیس اہلکار شہید،7 زخمی

لاہور( ڈیلی پوائنٹ )صادق آباد کے کچے کےعلاقے ماچھکہ میں ڈاکوؤں نے پولیس کی دو گاڑیوں پر راکٹوں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں گیارہ پولیس اہلکار شہید اور سات زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دونوں پولیس موبائلوں میں 20 سے زائد اہلکار سوار تھے، ڈاکوؤں نے پولیس گاڑیوں پر راکٹ سے حملہ کیا، پولیس موبائلیں بارش کے پانی میں پھنس گئی تھیں۔ ڈاکوؤں نے گاڑیوں پر سوار پولیس اہلکاروں کو گھیرے میں لے لیا اور فائرنگ بھی۔
پولیس نے کچے میں ڈاکوؤں کی نقل و حرکت روکنے کیلیے ماچھکہ میں کیمپ قائم کیا ہوا تھا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس اہلکار ڈیوٹی ادا کرکے واپس آرہے تھے کہ 25 کے قریب مسلح ڈکیتوں نے شدید حملہ کیا۔
واقعے کے بعد ضلع بھر کی پولیس کی بھاری نفری کو جائے وقوعہ پر طلب کرلیا گیا ہے جبکہ نفری کی قیادت ضلعی پولیس آفیسر عمران کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے رحیم یار خان میں پولیس کی گاڑیوں پر ڈاکوؤں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے 11 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی پولیس اہلکاروں کے لئے جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کرتے ہیں، ہم شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں، شہادت کا بلند رتبہ پانے والے پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں