کوئٹہ( ڈیلی پوائنٹ) موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم میں 23 مسافروں کو گاڑیوں سے اتار کر قتل کر دیا گیا۔
ایس ایس پی موسیٰ خیل ایوب اچکزئی کے مطابق تمام افراد کو ٹرکوں اور مسافر بسوں سے اتار کر فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔
ایوب اچکزئی کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے بین الصوبائی شاہراہ پر ناکہ لگاکر مسافروں کو بسوں سے اتارا۔
ان کا بتانا ہے کہ مسلح افراد نے 10 گاڑیوں کو بھی آگ لگادی، پولیس، لیویز موقع پر پہنچیں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع قلات میں مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس اور لیویز اہلکاروں سمیت 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ایس ایس پی قلات دوستین دشتی کے مطابق فائرنگ سے پولیس کا سب انسپکٹر، 4 لیویز اہلکار اور 5 شہری جاں بحق ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہو گئے، علاقہ کلیئر کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق قلات میں قومی شاہراہ اور شہر میں گزشتہ رات سے پولیس اور مسلح افراد میں فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔