اسلام آباد(ڈیلی پوائنٹ) ملک میں شوال کا چاند آج نظر آنے کے قوی امکانات ہیں جب کہ مرکزی اور زونل رویت کمیٹیوں کا اجلاس جاری ہے۔
ملک میں شوال المکرم (عید الفطر) کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہورہا ہے، جس میں ملک بھر سے شوال کا چاند دیکھنے کی شہادتیں وصول کی جائیں گی۔
اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کی معاونت کے لیے محکمہ موسمیات، سپارکو، سائنس اور ٹیکنالوجی کے حکام بھی شریک ہیں۔
کراچی، کوئٹہ، پشاور، لاہور میں رویت ہلال کی زونل کمیٹیوں کے اجلاس کا آغاز بھی ہوگیا ہے۔ چاند کی رویت کا حتمی اعلان چیئرمین مرکزی رویت کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چاند کی عمر آج (منگل کی) شام انسانی آنکھ سے دیکھنے کے لیے مکمل ہوگی۔ ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ آج منگل کے روز شوال المکرم کا چاند دیکھنے کے قوی امکانات ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں بھی شوال المکرم کا چاند نظر نہیں آیا تھا، جس کے پیش نظر اب وہاں عید الفطر (یکم شوال المکرم) کل 10 اپریل بروز بدھ ہوگی۔