عدالت نے عمران خان اور بشریٰ کو اداروں کے خلاف بیانات سے روک دیا

(ڈیلی پوائنٹ)اسلام آباد احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ریاستی اداروں کے خلاف بیان بازی سے روک دیا۔عدالت نے دوران ٹرائل کمرہ عدالت میں ریاستی اداروں اوران کے آفیشلز کے خلاف اشارتاً بھی بات کرنے سے روک دیا۔
احتساب عدالت کے جج باصر جاوید رانا نے فئیرٹرائل کی بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر حکم نامے میں کہا کہ میڈیا سیاسی، اشتعال انگیز بیانیے اور ریاستی اداروں کوٹارگٹ کرنے والے بیانات کی تشہیر سے پرہیز کرے۔عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ میڈیا سیاسی، اشتعال انگیز بیانیے جو ریاستی اداروں اور ان کے آفیشلز کو ٹارگٹ کرتے ہوں وہ پبلش نہ کرے۔حکم نامے میں پیمرا کوڈ آف کنڈکٹ کا بھی عدالت نے حوالہ دیا گیا ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ الزام ہے بانی پی ٹی آئی نے ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز ومتعصبانہ بیانات دئیے، عدلیہ، پاک آرمی اورآرمی چیف کے حوالے سے بیانات عدالتی ڈیکورم میں خلل ڈالنے کے مترادف ہیں، ایسے بیانات انصاف کی فراہمی کے عمل میں بھی رکاوٹ کا سبب بنتے ہیں۔
حکم نامے کے مطابق کورٹ ڈیکورم اورفئیر ٹرائل کے تقاضوں کا خیال رکھنا عدالت کی ذمہ داری ہے، جیل حکام جیل عدالت کو عید سے پہلے کی پوزیشن پر بحال کریں۔

اپنا تبصرہ لکھیں