اسلام آباد(ڈیلی پوائنٹ) پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن آج چاند پر روانہ ہوگا۔آج چاند پر جانے والا پاکستانی سیٹلائٹ مشن چاند کے مدار پر 5 دن میں پہنچے گا۔چاند پر پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن ’آئی کیوب قمر‘ آج چین کی ہینان اسپیس لانچ سائٹ سے آج 12بج کر 50منٹ پر خلا میں روانہ ہو گا ۔آئی کیوب کیو نامی سیارہ چین کے خلائی اسٹیشن چینگی سے چاند کے مدار میں بھیجا جائے گا اور 3 تا 6 ماہ چاند کے اطراف چکر لگائے گا۔
’آئی کیوب قمر‘ کی روانگی اور سیٹلائٹ کے اندر کے مناظر انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کی ویبسائٹ پر براہ راست نشر کی جائے گی۔ انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کی کور کمیٹی کے رکن ڈاکٹر خرم خورشید کا کہناہے کہ مشن کی تیاری میں دو سال کا وقت لگا ہے۔پاکستان چاند تک رسائی حاصل کرنے والا چھٹا ملک بن جائے گا۔
ڈاکٹر خرم خورشید نے مزید بتایا کہ پاکستان کے پاس تحقیق کے لیے اپنے سیٹلائٹ سے لی جانے والی چاند کی تصاویر ہوں گی۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’آئی کیوب قمر‘ پاکستانی وقت کے مطابق 2 بج کر 18 منٹ پر روانہ ہو گا۔
آئی کیوب قمر کا ڈیزائن اور ڈویلپمنٹ چین اور سپارکو کے اشتراک سے تیارکیا گیا ہے۔پاکستان کا سیٹلائٹ مشن چاند کے مدارکے چکر کاٹے گا۔چاند کی تصاویر بنانے کے لیے آئی کیوب قمر میں دو کیمرے نصب ہیں جن سے چاند کی سطح کی مختلف تصاویر لی جائیں گی۔مشن سے لی جانے والی تصاویر تحقیقی مقاصد میں کام آئیں گی۔