امریکی جیل میں ڈاکٹرعافیہ سے زیادتی،قرآن پڑھنے پرشاک لگانے کاانکشاف

کراچی( ڈیلی پوائنٹ) امریکا سے پاکستان واپسی پر ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ عافیہ سے زیادتی کی گئی، شاک لگائے گئے، دماغ کو اور مذہب کو بدلنے کی کوشش کی گئی، ان کی بیٹی کو اغوا کرکے مسیحی مشنری کے حوالے کیا گیا، ہمارے حکمرانوں کی غیرت کہاں ہے؟ پچھلے ہوں یا موجودہ حکمراں اس جرم میں سب برابر ہیں۔
ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے امریکا سے وطن واپسی کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وطن واپسی پر اللہ کا شکر ہے، امریکا کے دو دورے ایسے ہوئے کہ کوئی لاکھوں روپے دے تب بھی نہ جاؤں، واشنگٹن میں کچھ لوگوں سے ملی، عافیہ کےلیے کوششیں کیں۔

انہوں نے روتے ہوئے بتایا کہ عافیہ سے ملاقات کے لئے پہلے دن کمرے میں لے گئے، شیشے والا کمرہ تھا، لیکن فون خراب تھا، ہم نے کہا فون صحیح کرو تو انہوں نے کہا کہ صحیح کرنے کےلیے پیچ کس موجود نہیں، ہم نے چیخ چیخ کر بات کرنے کی کوشش کی، وکیل بھی ہمراہ تھے، امریکی حکام نے عافیہ سے کسی طرح کی دستاویزات پر دستخظ نہیں کروانے دیے، اگلے روز دوسرا فون لگاکر بات کروائی، جیل حکام نے کیمیکل سے کچھ کردیا تھا، جیسے ہی میں نے فون اٹھایا میرا سانس رک گیا اور کھانسی شروع ہوگئی، برا حال ہوگیا جس کی وجہ سے عافیہ سے بات نہیں کرسکی، فون بند کیا تو امریکی حکام نے دوبارہ بات کروانے سے انکار کردیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں