اسلام آباد( ڈیلی پوائنٹ )اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری نے تحریک انصاف سیکرٹریٹ پر چھاپہ مار کر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی حسن جہانگیر ووٹو کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری نے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹریٹ پر چھاپہ مار کر سیکرٹریٹ کو گھیرے میں لے لیا۔
پولیس نے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان اور سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے پاکستان تحریک انصاف سیکرٹریٹ سے کمپیوٹر اور دیگر سامان بھی تحویل میں لے لیا۔
چھاپہ مار ٹیم کے ہمراہ خواتین پولیس اہلکار بھی تھیں جنہوں نے پی ٹی آئی خواتین کارکنان اور سیکرٹریٹ عملے کو بھی حراست میں لے لیا۔
پولیس نے نہ صرف میڈیا کو کوریج کی اجازت نہیں دی اور فوٹیج بنانے نہیں دی بلکہ ویڈیو بنانے کی کوشش پر نجی نیوز چینل کے نمائندے سے بدتمیزی بھی کی۔
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی منظوری لی جائے گی۔