لاہور( ڈیلی پوائنٹ )لاہور کی مقامی عدالت نے سائبر کرائم کیس میں گرفتار کالم نگار اوریا مقبول جان کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں دیتے ہوئے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کی جائے۔
لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد نے کالم نگار اوریا مقبول جان کے خلاف سائبر کرائم کیس پر سماعت کی۔
ایف آئی اے نے مؤقف اختیار کیا کہ اوریا مقبول جان کو سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کا 14 روزہ ریمانڈ دیا جائے۔
اوریا مقبول جان کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی۔
کالم نگار اوریا مقبول جان نے روسٹرم پر آ کر کہا کہ موبائل فون کا پاسورڈ دے دیا ہے، کوئی چوری کی ہے جو ریمانڈ مانگ رہے ہیں۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔