لاہور(ڈیلی پوائنٹ) پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور ہدایت کار آغا حسن عسکری 78 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ ڈیلی پوائنٹ کے مطابق وہ پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا تھے اور ان کی نماز جنازہ آج منگل کو ادا کی جائے گی۔
حسن عسکری کا شمار انڈسٹری کے نہایت کامیاب ڈائریکٹرز میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اردو اور پنجابی کی بے شمار سپرہٹ فلمیں بنائی ہیں جن میں خون پسینہ، ہیرا، جٹ دا کھڑاک، آگ، اک دوجے کیلئے، دوریاں، تلاش، میلہ، شیر دل، اچھا شوکر والا، دل کسی کا دوست نہیں، جنت کی تلاش، عبد اللہ دی گریٹ اور تیرے پیار میں سمیت متعدد فلمیں شامل ہیں۔
1975میں ریلیز ہونے والی ان کی فلم ’وحشی جٹ‘ نے جہاں ریکارڈ ساز کامیابی حاصل کی وہیں اس فلم نے پاکستان فلم انڈسٹری کی نئی سمت بھی متعین کی۔
حسن عسکری کی وفات پر شوبز انڈسٹری نے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ سید نور کا کہنا تھا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کا بڑا نام آج ہم میں نہیں رہا۔