لاہور(ڈیلی پوائنٹ )ورلڈ کپ کے 31 ویں میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بنگلا دیش کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کرتے، پچھلے میچ میں ہم نے تینوں شعبوں میں اچھا کیا۔بابر اعظم نے بتایا کہ آج کے میچ کے لیے ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی ہیں، فخر زمان، سلمان آغا اور اسامہ میر فائنل الیون میں شامل ہیں۔دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلا جارہا ہے۔دونوں ٹیمیں اب تک اِس ورلڈ کپ میں چھ چھ میچز کھیل چکی ہیں، پاکستان نے اپنے 2 اور بنگلا دیش نے 1 میچ جیتا ہے۔یاد رہے کہ اِس ورلڈ کپ میں پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں نیدر لینڈز کو اور دوسرے میچ میں سری لنکا کو ہرایا تھا جس کے بعد پاکستان کو بھارت، آسٹریلیا، افغانستان اور جنوبی افریقا سے شکست ہوئی ہے۔آج کے میچ کے بعد پاکستان کو اب نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف میچز کھیلنے ہیں۔