بلاول بھٹونے فری اینڈ فیئر الیکشن کا پھرمطالبہ کردیا

نوشہرہ (ڈیلی پوائنٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و سابق وفاقی وزیر بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر الیکشن سے پہلے رزلٹ طے کرنا ہے تو پھر ایسے الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں، تمام مسائل سے نکلنے کا واحد راستہ فری اینڈ فیئر الیکشن ہے۔
ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جیالوں نےشہید بھٹو کے لیے کوڑے کھائے، جیالے شہید بھٹو کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے، ورکرز کنونشنز کا سلسلہ جاری ہے، مجھے محسوس ہو رہا ہے خیبرپختونخوا کے جیالے جاگ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے جیالے الیکشن سے نہیں بھاگ رہے، خیبرپختونخوا کے جیالے الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں، خیبرپختونخوا کے جیالوں نے تین آمروں کا مقابلہ کیا۔
انہوں نے دہشت گردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی، جیالے اپنے نظریئے سے پیچھے نہیں ہٹے، ان پر فخر ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آج کل پاکستان میں بہت مسائل اور مشکلات ہیں، ایک طرف معیشت کا حال سب کے سامنے ہے، مہنگائی، غربت، بے روزگاری تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہے، اسلام آباد والوں کو کوئی پرواہ نہیں ہے، جیالوں نے دہشت گردوں کو شکست دی تھی، دہشت گردوں کوملک میں بسانے کا نقصان بھگت رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کبھی پولیس، کبھی افواج پر دہشت گردی کے حملے ہوتے ہیں، اداروں کے درمیان فاصلہ پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، دہشت گردی پھر سر اٹھا رہی ہے، ایک طرف سیاسی و جمہوری بحران ہے، جمہوریت کی جدوجہد کرنے والے آج مایوس ہیں، عوام پوچھ رہے ہیں یہ وہی جمہوریت ہے جس کے لیے محترمہ نے شہادت قبول کی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں