کراچی( ڈیلی پوائنٹ )سیہون میں حضرت لعل شہباز قلندر کی درگاہ سے ایک کروڑ روپے سے زائد کے سونے کی چوری کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق درگاہ سے ایک ماہ میں ایک کروڑ 23 لاکھ 72 ہزار 863 روپے کا نذرانے میں دیا گیا سونا چوری ہوا۔
ترجمان وزارت اوقاف کے مطابق انکوائری کمیٹی کے سامنے درگاہ کے منیجر زبیر بلوچ نے اپنی چوری کا جرم قبول کیا ہے، زبیر بلوچ کو معطل کر کے مقدمہ درج کرنے کے ساتھ کیس اینٹی کرپشن کو بھیجنے کا حکم دیدیا گیا ہے۔
نگران وزیر اوقاف عمر سومرو نے کہا ہے کہ حضرت لعل شہباز قلندر درگاہ کے منیجر کی تنخواہ اور پنشن بھی روکنے کے احکامات دے دیئے ہیں اور اینٹی کرپشن کو لکھ دیا ہے کہ منیجر زبیر بلوچ سے سونا چوری کرنے کی فوراً ریکوری کی جائے۔ دیگر درگاہوں کے منیجرز کیخلاف بھی تحقیقات ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق سیکرٹری منور مہیسر نے زبیر بلوچ کو حضرت لعل شہباز قلندر درگاہ پر منیجر تعینات کیا تھا۔ زبیر بلوچ ریٹائرڈ ہونے کے قریب ہیں اور کئی سال سے نذرانہ باکس کی چابی اس کے پاس ہوتی ہے۔