جاپان(ڈیلی پوائنٹ)جاپان میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 24 ہو گئی ہے جس میں کئی ہلاکتیں ہوئی ہیں. زلزلے کے بعد جاری کی جانے والی سونامی وارننگ کو سونامی ایڈوائزری میں تبدیل کر دیا گیا۔ زلزلے کے بعد 149 آفٹر شاکس ریکارڈ کئے گئے۔
جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو سے 400 کلومیٹر دور وسطی صوبے اشیکاوا میں 7.6 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں درجنوں عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ سڑکوں پر گہری دراڑیں پڑنے کے ساتھ رہائشی علاقے میں آگ بھڑک اٹھی ، ہزاروں گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں کی شاہراہیں بند اور بلٹ ٹرین سروس معطل کر دی گئی۔ بحیرہ جاپان کے ساحلی علاقے میں ایک میٹر اونچی سونامی کی لہریں ریکارڈ کی گئیں۔
ادھر نیگاتا، تویاما اور اشیکاوا صوبوں کے ساحلی علاقوں میں سونامی کی وارننگ جاری ہونے کے بعد ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔
جاپان میں زلزلے کے بعد روس اور شمالی کوریا نے بھی کچھ ساحلی علاقوں میں سونامی کی وارننگ جاری کی ہے۔