اسلام آباد(ڈیلی پوائنٹ )فیض حمید پھر دھرنا کمیشن کے سامنے پیش نہ ہوئے ، ویڈیو لنک بیان لینے کی تجویز پر غور
فیض آباد دھرنا کمیشن میں انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید آج بھی پیش نہ ہوئے۔
ذرائع کے مطابق دھرنا کمیشن نے پہلے بھی لیفٹیننٹ جنرل(ر) فیض حمید کو بلایا تھا مگر وہ پیش نہیں ہوئے جس کے بعد انہیں دوبارہ نوٹس جاری کیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دھرنا کمیشن نے لیفٹیننٹ جنرل(ر) فیض حمید کو آج دن ساڑھے 10 بجے بلایا تھا لیکن وہ ایک بار پھر پیش نہ ہوئے۔
ذرائع کے مطابق فیض آباد دھرنا کمیشن اب فیض حمید سے ویڈیولنک کے ذریعے بیان لینے کی تجویز پر غور کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ رواں سال نومبر میں نگران حکومت نے فیض آباد دھرنا کیس میں عدالتی فیصلے پر عمل اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے انکوائری کمیشن تشکیل دیا تھا۔
ڈاکٹر اختر شاہ کی سربراہی میں فیض آباد دھرنا کمیشن سپریم کورٹ کے حکم پر کام کر رہا ہے۔ کمیشن میں سابق آئی جی طاہر عالم اور ایڈیشنل سیکرٹری وزارت داخلہ خوشحال خان شامل ہیں۔
3 رکنی کمیشن کے سامنے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعظم فواد حسن فواد سمیت کئی افسران پیش ہوچکے ہیں۔