شریاگھوشال نے کونسےپاکستانی گانے کومتاثرکن قراردیدیا؟

لاہور(ڈیلی پوائنٹ) بھارت کی نامور گلوکارہ شریا گھوشال نے کہا ہے کہ وہ پاکستانی گلوکار علی ظفر اور اُن کے سُپر ہٹ گانے ‘جھوم’ کی بہت بڑی مداح ہیں۔
شریا گھوشال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر علی ظفر کے نام ایک پوسٹ کی جس میں اُنہوں نے کہا کہ “میں ہمیشہ سے علی ظفر اور اُن کے خوبصورت گانے ‘جھوم’ کی بہت بڑی مداح رہی ہوں”۔
بھارتی گلوکارہ نے کہا کہ “علی ظفر کا گانا جھوم، میرے دل کے بہت قریب ہے اور میں اس سُپر ہٹ گانے کو فلم ‘کراک’ میں اپنی اور وشال مشرا کی آواز میں سُننے کے لیے انتظار نہیں کرسکتی”۔
شریا گھوشال کی محبت بھری پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ “آپ کے مہربان الفاظ کے لیے شکریہ، میرے لیے آپ متاثر کن اور مشہور گلوکاروں میں سے ایک ہیں”۔
علی ظفر نے کہا کہ “میں بھی آپ کی اور وشال مشرا کی آواز میں اپنا گانا ‘جھوم’ سُننے کے لیے انتظار نہیں کرسکتا، مجھے یقین ہے کہ آپ دونوں اس گانے کو بہترین انداز میں گائیں گے”۔
دوسری جانب بھارتی گلوکار وشال مشرا نے بھی علی ظفر کے لیے اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “وہ بھی علی ظفر کے گانے ‘جھوم’ کے مداح ہیں اور اُنہوں نے اپنی پسندیدہ گلوکارہ شریا گھوشال کے ساتھ یہ گانا گایا”۔
واضح رہے کہ علی ظفر سال 2011 میں اپنا تیسرا میوزک البم ‘جھوم’ ریلیز کیا تھا، اُن کا یہ پورا البم ہی مقبول ہوا تھا لیکن اس البم کا گانا ‘جھوم’ نے پاکستان سمیت بھارت میں بھی مقبولیت کے جھنڈے گاڑے تھے۔
علی ظفر کے اس گانے کی مقبولیت آج بھی برقرار ہے اور اسی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے بھارتی گلوکارہ شریا گھوشال نے بالی ووڈ فلم کے لیے ‘جھوم’ کا ری میک تیار کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں