لاہور(ڈیلی پوائنٹ )پنجاب میں نمونیہ کے کیسز بڑھنے پر صوبائی حکومت نے کلاس ون سے نیچے نرسری و پلے گروپ کی کلاسز کے لیے 7 روز کی تعطیلات کا اعلان کر دیا۔
پنجاب بھر کے اسکولوں میں 31 جنوری تک صبح کی اسمبلی پر پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔
نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے بچوں میں نموینہ کے کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ہدایت دی ہے کہ بچے ماسک کا استعمال کریں اور ہاتھ دھوئیں، گرم کپڑوں کا استعمال کیا جائے۔
پنجاب میں یکم جنوری سے 36 بچے نموینہ سے جاں بحق ہوچکے ہیں اور چلڈرن اسپتال میں 10 میں سے 8 بچے نموینہ کے مریض ہیں۔ سردی میں اضافے کے ساتھ وائرل نموینہ خصوصاً بچوں میں مرض بڑھ رہا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور سمیت پنجاب میں 22 دن کی موسم سرما کی تعطیلات کا اختتام ہوگیا ہے اور آج سے تمام سرکاری و نجی اسکولز میں تعلیمی سرگرمیاں شروع ہوگئیں۔