meer yaqoob bazinjo ppp aur n leag ky candidate

میر یعقوب بزنجو کو ن لیگ ،پیپلز پارٹی دونوں نے پارٹی ٹکٹ دیدیا

لاہور(ڈیلی پوائنٹ)میر یعقوب بزنجو کو ن لیگ ،پیپلز پارٹی دونوں نے پارٹی ٹکٹ دیدیا.انتخابات قریب آتے ہی جہاں بڑی سیاسی جماعتوں میں پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات سامنے آئے ہیں اور ایک انار سو بیمار کے مصداق ایک حلقے کے لیے کئی کئی امیدوار ٹکٹ کے حصول کے خواہش مند ہیں۔
وہیں بلوچستان میں ایک ایسے بھی ’خوش قسمت‘ امیدوار ہیں جن پر ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتیں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی مہربان ہوئی ہیں اور دونوں نے انہیں بیک وقت ایک ہی حلقے سے ٹکٹ جاری کیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس امیدوار نے اب تک ن لیگ اور نہ ہی پیپلز پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
یہ امیدوار میر یعقوب بزنجو ہیں جو بلوچستان کے مکران ڈویژن میں کیچ اور گوادر کے اضلاع پر مشتمل قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 259 سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔
میر یعقوب بزنجو کو پہلے مسلم لیگ ن نے این اے 259 کیچ کم گوادر کے لیے ٹکٹ جاری کیا۔ اس کے ایک ہی ہفتے بعد پیپلز پارٹی نے بھی انہیں اسی حلقے کے لیے اپنا امیدوار قرار دیا۔
یعقوب بزنجو کا نام دو ماہ قبل نومبر 2023 میں مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے دورہ کوئٹہ کے موقع پر بھی ان افراد کے ساتھ لیا جا رہا تھا جنہوں نے ن لیگ میں شمولیت اختیار کی۔
تاہم یعقوب بزنجو اس تقریب میں شریک ہوئے اور نہ انہوں نے ن لیگ میں شامل ہونے کی کبھی تصدیق کی۔
لیکن اس کے باوجود تین جنوری کو مسلم لیگ ن کے مرکزی الیکشن سیل کے چیئرمین سینیٹر اسحاق ڈار کے دستخط سے جاری کیے گئے اعلامیے میں یعقوب بزنجو کا نام بلوچستان سے قومی اور صوبائی اسمبلی کے 58 امیدواروں میں شامل تھا۔
مسلم لیگ ن نے انہیں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 259 سے امیدوار نامزد کیا ہے، تاہم سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں یعقوب بزنجو نے ن لیگ کا ٹکٹ لینے سے انکار کردیا ہے۔
پیپلز پارٹی نے بلوچستان سے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی پہلی فہرست کا اعلان کیا تو اس میں این اے 259 کیچ کم گوادر پر ملک شاہ گورگیج پیپلز پارٹی کے امیدوار تھے۔
تاہم 10 جنوری کو بلاول ہاؤس کراچی سے جاری کیے گئے دوسرے اعلامیے میں ملک شاہ گورگیج کے بجائے اس حلقے سے یعقوب بزنجو کو امیدوار قرار دیا گیا۔
یعقوب بزنجو کا تعلق ایران سے ملحقہ بلوچستان کے ضلع کیچ (تربت) کے علاقے دشت سے ہے اور وہ اس سے پہلے 2008 میں بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے ٹکٹ پر کیچ سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔
وہ مسلم لیگ ق، نیشنل پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 2013 میں نیشنل پارٹی اور 2018 میں بلوچستان عوامی پارٹی کے ٹکٹ پر گوادر سے بلوچستان اسمبلی کی نشست پر انتخاب لڑا مگر کامیاب نہ ہوسکے۔
یعقوب بزنجو کے والد امام بھیل کو ایک متنازع شخصیت سمجھا جاتا ہے، انہیں مئی 2009 میں امریکی وائٹ ہاؤس نے دنیا کے بدنام زمانہ منشیات فروشوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں