عمران خان کا سیاستدانوں کیلئے نئی اصطلاح کا استعمال

اسلام آباد(ڈیلی پوائنٹ)پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں سلیکٹڈ کہا گیا لیکن یہاں تو اب مدر آف آل سلیکٹڈ ہو رہا ہے، الیکشن کمیشن اور انتظامیہ نواز شریف کی مدد کر رہے ہیں۔
اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمیں ساڑھے 3 سال تک سلیکٹڈ کہا گیا، اس وقت ملک میں جو بھی چل رہا ہے وہ مدر آف آل سلیکشن ہے، جس طرح نواز شریف کو لایا گیا یہاں تو اب مدر آف آل سلیکٹڈ ہو رہا ہے، ملکی تاریخ میں ایسی سلیکشن کبھی نہیں ہوئی، ایک سرٹیفائیڈ منی لانڈرر کے تمام کیسز ختم کر دیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے تمام کیسز ختم کر دیے گئے ہیں اور الیکشن کمیشن اور انتظامیہ نواز شریف کی مدد کر رہے ہیں، سی سی پی او لاہور تو سرٹیفائیڈ مجرم کو سلیوٹ مار رہا ہے، نواز شریف کے بیٹے نے 18 ارب روپے کا گھر بیچا یہ پیسے کہاں سے آئے؟، یہ سرٹیفائیڈ منی لانڈرر ہیں۔
اس موقع پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سپریٹینڈنٹ اڈیالہ جیل نے عمران خان کو بات چیت کرنے سے روکنے کی کوشش لیکن انہوں نے کہا کہ ہمیں بات کرنے کا پورا حق ہے یہ اوپن ٹرائل ہے، غلام بنایا جا رہا ہے یہ الیکشن آزادی کا الیکشن ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ جمہوریت کا مطلب ہی آزادی ہوتا ہے، ہماری تمام تر جدوجہد قانون کی بالادستی کے لیے ہے، یہ کبھی اس ملک میں قانون کی بالادستی نہیں ہونے دیں گے، قوم سے کہتا ہوں کہ اتوار کو سب باہر نکلیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں